چاغی جوہری تجربات کے خلاف جنوبی کوریا اور برطانیہ میں شدید احتجاج اور آگاہی مہم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے بین الاقوامی چیپٹرز کی جانب سے ۲۸ مئی ۱۹۹۸ کو بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاکستان کی طرف سے کیے گئے جوہری تجربات کے تباہ کن اثرات کے خلاف جنوبی کوریا اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاجی مظاہروں اور عوامی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔

بی این ایم جنوبی کوریا چیپٹر کے زیرِ اہتمام کوریا کے معروف شہر بوسان میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کا بنیادی مقصد ۲۸ مئی ۱۹۹۸ کو چاغی میں کیے جانے والے نیوکلیئر تجربات کے نتیجے میں بلوچستان کے ماحول، صحت اور مقامی آبادی پر پڑنے والے دیرپا اور مہلک اثرات کو عالمی دنیا کے سامنے لانا تھا۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جوہری تجربات کے خلاف اور بلوچستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کے حق میں نعرے درج تھے۔

دوسری جانب، بی این ایم یو کے (UK) چیپٹر کی طرف سے برطانیہ کے تین بڑے اور اہم شہروں لندن، مانچسٹر اور کیمبرج میں ایک وسیع عوامی آگاہی مہم چلائی گئی۔

اس مہم کے دوران برطانوی شہریوں اور عالمی برادری کو پمفلٹس اور دیگر ذرائع سے یہ بتایا گیا کہ ۱۹۹۸ کے جوہری تجربات نے کس طرح بلوچستان کی زمین کو بنجر، پانی کو آلودہ اور مقامی عوام کو کینسر جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا کر کے خطے میں ایک ماحولیاتی اور انسانی المیے کو جنم دیا ہے۔

بی این ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو مسلسل ایک تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، اور ۲۸ مئی کا دن بلوچ قوم کے لیے ایک سیاہ دن کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور جوہری توانائی کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ چاغی اور اس کے گردونواح میں ماحولیاتی تباہی کا جائزہ لینے کے لیے آزادانہ تحقیقات کروائیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article