بھارت کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کو اسی کی زبان میں سمجھایا گیا، مودی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بھارت کے 74واں یوم آزادی کی مناسبت سے وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں لال قلعے کے تاریخی مقام پر اپنی تقریر میں ڈھکے چھپے الفاظ میں چین کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے فوجی کیا کچھ کر سکتے ہیں، یہ سبھی نے لداخ میں دیکھ لیا۔ مودی کے بقول جس کسی نے بھی بھارت کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھا، اس کو اسی کی زبان میں سمجھایا گیا۔ بھارتی وزیر اعظم نے براہ راست پاکستان اور چین کا نام نہیں لیا مگر ان کا اشارہ انہی دونوں روایتی حریف ملکوں کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کی طرف تھا۔

بھارت کو پندرہ اگست سن 1947 کے روز برطانوی راج سے آزادی ملی تھی۔ اس بار یوم آزادی کی تقریبات کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے محدود پیمانے پر منائی جا رہی ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی کے تاریخی لال قلعے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سننے کے لیے قریب چار ہزار افراد موجود تھے، جو دو دو میٹر کے فاصلے سے بیٹھے۔

سال کی اپنی اس اہم ترین تقریر میں بھارتی وزیر اعظم نے ملکی فوج کو طاقتور بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھارتی خود مختاری اور سالمیت کا دفاع کیا اور کہا کہ پڑوسی ممالک ک ساتھ تعلقات اعتماد اور سلامتی کی بنیادوں پر ہونے چاہییں۔

اپنے خطاب کے دوران نریندر مودی نے بتایا کہ بھارتی سائنسدان کورونا کے وبائی مرض سے نجات کے لیے کئی ویکسینز پر کام کر رہے ہیں، جن میں سے تین آزمائشی مراحل میں ہیں۔ آزمائش میں کامیابی کی ممکنہ صورت میں ان ویسکینز کی چند ہی ماہ میں وسیع پیمانے پر پیداوار شروع ہو سکتی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت کا شمار کورونا کی وبا سے شدید ترین متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے۔ وہاں اب تک ڈھائی ملین سے زائد افراد اس مرض کا شکار بن چکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہزار تک پہنچنے کو ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 74ویں یوم آزادی کے موقع پر ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا۔ مودی نے کہا کہ کورونا بحران سے متاثرہ معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لیے حکومت 1.46 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ ان کے بقول اس ضمن میں سات ہزار منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

Share This Article
Leave a Comment