طلبہ تنظیم بساک کی رسالہ "نوشت” کا ساتواں شمارہ شائع ہوگیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی ( بساک) کی ادبی و علمی شاخ کی جانب سے رسالہ "نوشت "کا ساتواں شمارہ شائع کر دیا گیا ہے جو براہوی اور بلوچی زبانوں میں مختلف سماجی، سیاسی اور فکری موضوعات پر مبنی تحقیقی مضامین پر مشتمل ہے۔

تنظیم کے ترجمان کے مطابق نوشت کا یہ ساتواں شمارہ طباعت کے بعد بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مختلف زونوں کو ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ قارئین تک اس کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس شمارے کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس کی ساتویں جلد مکمل طور پر "پارٹی”کے موضوع پر مرکوز ہے جس میں مختلف مصنفین اور محققین کی سنجیدہ اور تحقیقی تحریریں شامل کی گئی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشت کی اشاعت دراصل بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) کی اس طویل جدوجہد کا تسلسل ہے جس کا مقصد بلوچ نوجوانوں اور عوام کے لیے ان کی مادری زبانوں میں سیاسی، سماجی اور فکری ادب تخلیق کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبانوں میں تحقیقی ادب کی اشاعت نہ صرف فکری شعور کو فروغ دیتی ہے بلکہ زبان و ثقافت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

تنظیم کے مطابق نوشت جیسے رسائل بلوچ معاشرے میں علمی مباحث کو فروغ دینے، نوجوان لکھاریوں کی حوصلہ افزائی اور فکری تربیت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں۔

قارئین کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوشت کا ساتواں شمارہ حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی دوستوں یا بساک سے وابستہ مقامی رابطہ کاروں سے رابطہ کریں۔

Share This Article