بلوچستان بورڈ کے آئی ٹی ونگ کے بعض افسران و ملازمین جعل سازی میں ملوث، 2 گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

اینٹی کرپشن بلوچستان کوئٹہ نے بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کے آئی ٹی ونگ کے خلاف بڑی کارروائی کی۔

بے ضابطگیوں کے ثبوت حاصل ہونے پر دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے انٹیلی جنس اطلاعات پر بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ آئی ٹی ونگ کے بعض افسران و اہلکاروں کے کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور امتحانی ریکارڈ میں غیر قانونی ردو بدل میں ملوث ہونے پر کارروائی کی گئی۔

یہ بدعنوانیاں بالخصوص ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ سالانہ اور ضمنی امتحانات 2024ءکے نتائج میں کی گئیں۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ امیدواروں کے نمبروں میں غیر قانونی تبدیلی، ڈی ایم سی میں ردو بدل اور آئی ٹی سسٹم تک بے جا رسائی کے ذریعے ریکارڈ میں ہیرا پھیری کی گئی۔ ایوارڈ لسٹس اور جاری شدہ ڈی ایم سی میں واضح تضاد پایا گیا۔

کرپشن میں ملوث ڈائریکٹر آئی ٹی، بی پی پی آر اے سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی، بی یو ایم ایچ ایس، نیاز محمد، سسٹم اینالسٹ محمد اویس، کمپیوٹر پروگرامر وسیم نور، آئی ٹی منیجر محمد خالد کیخلاف تحقیقات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

سپر ایڈمن آئی ڈی استعمال کرتے ہوئے نتائج کے اعلان سے قبل کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں ردو بدل کیا گیا۔ سسٹم اینالسٹ محمد اویس اور کمپیوٹر پروگرامر وسیم نور نے سسٹم تک غیر محدود رسائی کا غلط استعمال کیا، امتحانی نتائج میں غیر قانونی ردو بدل، جعلسازی، فراڈ کے مرتکب ہوئے۔

اینٹی کرپشن نے بی بی آئی ایس ای کوئٹہ کے آئی ٹی ونگ برانچ کے سسٹم اینالسٹ محمد اویس اور کمپیوٹر پروگرامر وسیم نور نے باہمی ملی بھگت سے امتحانی ریکارڈ میں غیر قانونی ردو بدل کیا اور سنگین جرائم میں ملوث ہونے پر دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

Share This Article