آل پارٹیز کے پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن ریاستی فسطائیت ہے،بی وائی سی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آل پارٹیز کے پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن ریاستی فسطائیت ہے، بلوچ یکجہتی کمیٹی اس جبر کی شدید الفاظ میں مزمت کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچستان میں آل پارٹیز کے پرامن احتجاجوں پر ریاستی کریک ڈاؤن، تشدد اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ عمل جمہوریت پر کاری ضرب اور انسانی حقوق کی کھلی پامالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی ناکامی ہر روز عوام کے سامنے عیاں ہو رہی ہے۔ کوئٹہ شہر میں دہشتگردی کے واقعات کے دوران انتظامیہ درجنوں بے گناہ زندگیاں بچانے میں ناکام رہتی ہے، لیکن جب یہی متاثر عوام اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرتے ہیں، تو ان پر گولیاں برسائی جاتی ہیں، ان کو لاٹھیاں ماری جاتی ہیں۔ یہ کیسا انصاف ہے کہ عوام دہشتگردی کا نشانہ بھی بنیں اور ریاستی جبر کا بھی؟

ترجمان نے کہا کہ ہم یہ سوال کرنے پر مجبور ہیں: کیا اس خطے میں صرف عوام ہی ریاست اور دہشتگردوں دونوں کے ظلم کا شکار ہوں گے؟ کیا انتظامیہ کا کردار دہشتگردوں سے مختلف نہیں ہونا چاہئیے؟

انہوں نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنان پچھلے چھ ماہ سے مسلسل ریاستی جبر، کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہی ہے، مگر اس کے باوجود ہم حق کی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ آج جب بلوچستان کے ہر جماعت پر یہی جبر ڈھایا جا رہا ہے تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے کہ یہ نظام جمہوری نہیں بلکہ آمریت اور مارشل لا ہے۔

بی وائی سی کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان اور حکومت بلوچستان کو سمجھنا ہوگا کہ وہ صوبہ جس پر اپنا کنٹرول قائم کرنے میں ناکام ہیں، اسی صوبے میں عوامی تحریکوں کو کچلنے کی پالیسی انہیں مزید بحران میں دھکیل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی تمام عوام اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتی ہے کہ اس جبر کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں۔اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں، اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہو تاکہ وہ ظلم کے آگے جھکنے کے بجائے جدوجہد کا راستہ اپنائیں۔ اس ریاستی جبر سے سب تنگ آچکے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ہم سب مل کر اس عوامی انقلاب کی قیادت کریں اور یہ ثابت کریں کہ ہمارے حقوق کو دبایا نہیں جا سکتا۔

آخر میں ترجمان نے کہا کہ ہم سب کی یکجہتی ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

Share This Article