بلوچستان کے علاقے سوراب میں بائی پاس کے مقام پر ٹریفک حادثے میں 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ ضلع کیچ کے علاقے تمپ میںایک طالب علم اسکول وین سے گرکر ہلاک ہوگیا۔
سوراب پولیس کے مطابق بائی پاس کے مقام پر موٹر سائیکل سوار زامیاد گاڑی سے ٹکرا گئے موٹر سائیکل سوار دو افراد موقع پر ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
ہلاک افراد کا تعلق سوراب سے ہے جبکہ زخمی افراد کا تعلق سندھ سے بتایا جا رہاہے جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے خضدار ریفر کردیا گیا ہے۔
ہلاک افراد کی شناخت عطاء محمد رئیسانی سکنہ نغاڑ سوراب اور نور محمد مڑداشئی سکنہ سیاہ کمب سوراب سے ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے تمپمیں ایک طالب علم اسکول وین کی چھت سے گرکر ہلاک ہوگیا۔
رودبن تمپ کے رہائشی دس سالہ طالبعلم عزیز ولد نصرت ہفتہ کی صبح اسکول جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق لٹل گرامر اسکول تمپ کے طالبعلم عزیز اسکول وین کی چھت پر بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک سڑک ٹوٹنے کے باعث وین جھٹکے سے ہل گئی اور بچہ توازن برقرار نہ رکھ سکا۔ نتیجتاً وہ چھت سے گر کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ تمپ ٹو تربت زبیدہ جلال روڈ کی خستہ حالی اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں، جن میں اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ عوام نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کی فوری مرمت و بحالی کی جائے تاکہ مزید سانحات سے بچا جا سکے۔