پاکستان آئل فیلڈ کی زیر زمین پائپ لائن سے کروڑوں روپے مالیت کے کروڈ آئل کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
پاکستان آئل فیلڈ کے افسر شاہد احمد کی درخواست پر تھانہ دھمیال میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں تین افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ راولپنڈی میں تھانہ دھمیال کے علاقہ رنیال گاؤں میں چوری کا غیر قانونی کنیکشن پکڑا گیا ہے جہاں ملزمان نے چار گھروں کے نیچے سے سرنگ بنا کر پائپ لائن تک رسائی حاصل کی تھی۔
راولپنڈی پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے آئل کی مین سپلائی لائن میں ٹیمپرنگ کر کے دو انڈر گراؤنڈ ٹینک بھی بنائے تھے۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے 12821 بیرل کروڈ آئل چوری کیا جس کی مالیت 25 کروڑ 48 لاکھ 81 ہزار 480 روپے بتائی گئی ہے۔
ملزمان کے قبضہ سے آٹھ لیٹر آئل، ربڑ پائپ، چوری میں استعمال ہونے والے آلات، اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان آئل کی چوری میں عرصہ دراز سے ملوث تھے اور مرکزی ملزمان فرار ہو چکے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت قومی شناختی کارڈ کی مدد سے ممکن ہوئی ہے۔
خیال رہے پاکستان آئل فیلڈ زیر زمین کروڈ آئل نکال کر اٹک آئل ریفائنری کو سپلائی کرتی ہے۔