شمالی کوریا کا دو نئے ایئر ڈیفنس میزائلوں کا تجربہ کرنے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
فوٹو: اے پی

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک نے دو نئے ایئر ڈیفنس میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کے مطابق، شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن نے ان ہتھیاروں کے تجربے کا جائزہ لیا۔

کے سی این اے کا کہنا ہے کہ یہ ہتھیار ’بہترین جنگی صلاحیت‘ کے حامل ہیں اور ان میں ’منفرد ٹیکنالوجی‘ استعمال کی گئی ہے۔

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیچر کے روز کیے جانے والے تجربے سے ثابت ہوتا ہے کہ ان دونوں ہتھیاروں کی تکنیکی خصوصیات مختلف فضائی اہداف بشمول ڈرونز اور کروز میزائلوں کو تباہ کرنے کے لیے بہت موزوں ہیں۔

شمالی کوریا کی جانب سے اس تجربے کے محض چند گھنٹے قبل جنوبی کوریا نے تصدیق کی تھی کہ منگل کے روز اس کی فوج نے دونوں ملکوں کے درمیان واقع ڈی ملیٹیرائزد ملٹری زون (غیر فوجی زون) میں داخل ہونے والے شمالی کوریا کے فوجیوں پر انتباہی گولیاں چلائی تھی۔

یونہاپ نیوز ایجنسی نے اقوام متحدہ کی کمان کے حوالے سے بتایا کہ تقریباً 30 شمالی کوریائی فوجی ڈی ملیٹیرائزد ملٹری زون میں داخل ہوئے تھے۔

جواب میں شمالی کوریا نے جنوبی کوریا پر ’جان بوجھ کر اشتعال انگیزی‘ کا الزام لگایا ہے۔

Share This Article