تمپ میں بدامنی کے خلاف دن بھر شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے تحصیل تمپ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے خلاف انجمن تاجران، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور شہریوں کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔

اس دوران ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی لیویز تھانہ اور پولیس تھانہ تمپ پہنچی، جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا۔

مظاہرین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ تحصیل تمپ میں چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، کیونکہ عوام کا جان و مال غیر محفوظ ہوچکا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ نہ صرف مکانات اور دکانیں لوٹی جا رہی ہیں بلکہ مال مویشی تک چوری کیے جا رہے ہیں۔ ہر طبقہ فکر کے لوگ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔

احتجاج کے بعد چیئرمین میونسپل کمیٹی تمپ امین قریشی، لیویز ایس ایچ او نصیر گچکی اور انجمن تاجران کے رہنماؤں سیٹھ اختر عمر، سیٹھ یاسین آسکانی اور رحیم ملک میرو کے درمیان مزاکرات ہوئے۔

مزاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ بروز پیر تمپ کے تاجران اور سول سوسائٹی کا ایک نمائندہ وفد ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی پولیس سے ملاقات کرے گا، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تمپ میں آج مسلسل دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں اور بازار سنسان نظر آئے۔

Share This Article