بلوچستان حکومت نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے اساتذہ اور ملازمین کودیئے جانے والے 6مختلف الاؤنسز کو ختم کر کے ایک الاؤنس متعارف کروا دیا،تنخواہوں میں کٹوتی سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
محکمہ کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان نے بلوچستان کی مختلف جامعات کے ملازمین کو ملنے والے چھ الاؤنسز یوٹیلیٹی الاؤنس ، ہاؤس ریکوزیشن ، آرڈر لی الاؤنس، ہارڈ شپ الاؤنس، ٹیکنیکل سیبجکٹ الاؤنس ، اسپیشل الاؤنس کو ختم کر کے کوئٹہ کی جامعات کے لئے 2022کی بیسک پے اسکیل کا ابتدائی 25فیصد جبکہ کوئٹہ سے باہر کی جامعات کے لئے 35فیصد پی ایس یو الاؤنس متعارف کروا دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مستقبل میں کسی بھی الاؤنس میں رد و بدل کے لئے بلوچستان کابینہ کی منظوری لی جائےگی جبکہ یہ پی ایس یو الاؤنس کنٹریکٹ، ایڈہاک یا ٹی ٹی ایس ملازمین کو نہیں دیا جائےگا ۔بلوچستان کی جامعات کے ملازمین کو ملنے والے اس الاؤنس کا اثر پنشن اور گریجویٹی کی مد میں بھی اثر انداز نہیں ہوگا ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت اور ایچ ای سی کی گرانٹ ان ایڈ کو جامعات صرف تنخواہوں اور پنشن کی مد میں استعمال کر سکیں گی جبکہ جامعات کے دیگر اخراجات انہیں اپنی آمدن سے کرنے ہونگے جبکہ جامعات کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذرائع سے خود فنڈز پیدا کریں تاکہ حکومت پر انحصار کم کیا جا سکے ۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے الاؤنسز کی کٹوتی سے جامعات کے ملازمین بالخصوص استاتذہ کی تنخواہوں میں کمی ہونے کا اندیشہ ہے جس پر ملازمین تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل جلد اعلان کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے ۔
علاوہ ازیں بلوچستان گرینڈ الائنس کے متفقہ فیصلوں کے مطابق جامعہ بلوچستان میں اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین نے جمعرات اور جمعہ کو بھر پور طریقے سے کامیاب یوم سیاہ منایا اور کل بروزِ سوموار 26 مئی کوبلوچستان بھر کے تمام سرکاری اداروں بشمول جامعہ بلوچستان میں قلم چھوڑ ہڑتال اور کلاسز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
اس حوالے سے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جنرل سیکرٹری فرید اچکزئی کا کہنا ہے کہ جامعہ بلوچستان میں قلم چھوڑ ہڑتال تو اب اور بھی زیادہ لازمی ہے کیونکہ بلوچستان حکومت نے جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین کے منظور شدہ الاؤنسز ختم کرنے کا غیرقانونی نوٹیفکیشن جاری کیا۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان تمام اساتذہ کرام سے بھرپور انداز میں اپیل کرتی ہے کہ وہ کل بروزِ سوموار 26 مئی کو کلاسز نہ لیں اور کلاسز سے بائیکاٹ کریں، ایمپلائز اور آفیسرز بھی قلم چھوڑ ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں۔ ایمپلائز ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی ٹرانسپورٹ بند کریں اور دفاتر میں کوئی کام احتجاجی طور پر نہ کریں۔ اس سلسلے میں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی کابینہ کا اجلاس بروزِ سوموار 26 مئی کو صبح 10 بجے اے ایس اے کے دفتر میں بلایا گیا ہے۔