انڈیا: تامل ناڈو میں پاور پلانٹ میں دھماکا، 6 افراد ہلاک،16زخمی

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں این ایل سی انڈیا لمیٹڈ کے پاورپلانٹ میں دھماکے سے کم ازکم 6 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دومہینوں کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے، جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والے پاورپلانٹ کے پانچویں یونٹ میں دھماکا ہوا اور اس وقت مزدور پلانٹ کو دوبارہ فعال کررہے تھے۔

این ایل سی کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ‘واقعے میں 6 افراد ہلاک ہوئے اور دیگر 16 زخمی ہوئے ہیں، جنہیں چنئی کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کی عمریں 25 سال سے 42 سال کے درمیان ہیں اور ان میں کنٹرکٹ پر کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ متعدد زخمی 40 فیصد جھلس چکے ہیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے ترجمان گورو سوامی ناتھن نے خبرایجنسی کو بتایا کہ ‘بوائلر فعال نہیں تھا لیکن ہم اس کی تحقیقات کررہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یونٹ میں آگ لگنے کے بعد دھماکا ہواجس سے مزدور اور کنٹرکٹ پر کام کرنے والے افراد زخمی ہوئے’۔

کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمیوں کی تعداد 17 ہے اور ان میں سے 16 زخمیوں کو نجی ہسپتال منتقل کیاگیا ہے جبکہ ایک زخمی کا علاج مقامی ہسپتال میں کیا جارہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق 11 مزدوروں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور ان کا جسم 40 فیصد سے زیادہ جل گیا ہے۔

بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے صدر اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیرداخلہ نے کہا کہ ‘تامل ناڈو میں نیویلی پاورپلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسو ہوا اور تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ نے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے’۔

امیت شاہ نے کہا کہ ‘امدادی کام کے لیے سی آئی ایس ایف موقع پر موجود ہے اور زخمیوں کی فوری صحت یابءکے لیے دعا گو ہیں’۔

یاد رہے کہ بھارت کے این ایل سی پاورپلانٹ میں روان برس یہ دوسرا دھماکا ہے، اس سے قبل مئی میں اسی طرح کا دھمکا ہوا تھا اور کم ازکم 6 افراد ہلاک ہوئے۔

بھارت میں 2016 کے آخر میں سرکاری سطح پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت میں صنعتوں میں ہونے والے حادثات کے باعث روزانہ کم ازکم 3 افراد ہلاک اور 46 سے زائد زخمی ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ این ایل سی بھارت میں 6 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ ہے، ملازمین کی تعداد 26 ہزار ہے، جس میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 14 ہزار مزدور بھی شامل ہیں۔

این ایل سی تامل ناڈو میں قائم ہے جو مزدوروں کے لیے تیسری بدترین ریاست ہے، مہاراشٹرا اور گجرات دیگر دو ریاستیں ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment