گوادر کا علمی ،ادبی و ثقافتی بک میلہ 13فروری کو سجےگا،پروگرامز شیڈول جاری

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کےساحلی شہر و سی پیک مرکز گوادر میں علمی،ادبی و ثقافتی بک میلہ 13فروری کو سجےگا،بلوچستان و پاکستان بھر سے مختلف پبلشرز سمیت علمی وادبی اور صحافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والے معتبرین شریک ہونگے۔

گوادر کتب میلہ مکران کی سطح پر ایک وسیع علمی ادبی وثقافتی میلہ سمجھا جاتاہے ۔ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی آر سی ڈی سی کونسل گوادر کی جانب 13تا16فروری کو گوادر میں بڑے تزک واحتشام کےساتھ گوادر کتب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کتب میلے میں بلوچستان و پاکستان بھر سے مختلف پبلشرز سمیت شعبہ علم وادب اور صحافت وسیاست سے وابستہ نامور محققین،ادیب،وقلمکار اور شعراء سمیت صحافی بھی شریک ہونگے۔

معروف کالم نگار وسعت اللہ خان،مظہر عباس،فاضل جمیلی،فاطمہ حسن،ڈاکٹر سید جعفر احمد،عبدالرحیم ظفر، ڈاکٹر اے آر داد،سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،ڈاکٹر فضل خالق،ڈاکٹر منظور بلوچ،ڈاکٹر غفور شاد،ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ،معروف شاعر منیر مؤمن، معروف مؤرخ ڈاکٹر حمید بلوچ،ڈاکٹر طاہر حکیم بلوچ،افضل مراد،ڈاکٹر بدل خان بلوچ،رمضان بلوچ،ماہر آئی ٹی قیصر رونجھو، بلوچی قلمکار اسلم تگرانی سمیت دیگر محققین، مصنفین،ادیب، شعراء سمیت مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے علمی وادبی شخصیات شریک ہونگے۔

گوادر کتب میلہ 13فروری صبح دس بجے شروع ہوگا افتتاحی تقریب سے بلوچستان کے وزیر ظہور بلیدی، آر سی ڈی سی کونسل کے چیئرمین خدابخش ہاشم،ڈاکٹر اے آرداد،پروفیسر عبد الرزاق صابر ودیگر اظہار خیال کریں گے،جبکہ کتب میلہ مسلسل چار دنوں تک جاری رہےگا۔

ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس مرتبہ بھی گوادر کتب میلے میں مختلف پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں مختلف علمی وادبی کتابوں کی تقریب رونمائی، بلوچی زبان وادب کے حوالے سے پینل ڈسکشن، موسمیاتی وماحولیاتی تبدیلیوں اور خطے پر انکے اثرات،گوادر کی تاریخ وثقافت، دینی وعلمی موضوعات، عطاشاد کی فن وشخصیت، مبارک قاضی کی بے مثال شعروشاعری پر مکالمے، فلم وآرٹ ،شعر وساز سمیت مختلف نوعیت کے پروگرامز شامل ہیں۔

Share This Article