بلوچستان کے ساحلی شہر و سی پیک مرکز گوادر میں گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاح آج بروزپیر سخت ترین سیکورٹی میں ہورہی ہے ۔جبکہ گوادر کے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم اعلامیہ میں شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ آج صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کوسٹل ہائی وے پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ضلع انتظامیہ نے خاص طور پر تیل بردار گاڑیوں اور ڈیزل کے کاروباری حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس دوران اپنی آمد و رفت مکمل طور پر معطل رکھیں۔
یہ اعلامیہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح کے موقع پر جاری کیا گیا ہے، جہاں سیکیورٹی چیکنگ نہایت سخت ہوگی۔
انتظامیہ نے دعویٰ کیاہے کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے یہ پیشگی اطلاع دی جا رہی ہے اورعوام سے بھرپور تعاون کی درخواست کی جاتی ہے۔
سخت ترین سیکورٹی انتظامات بلوچ عسکریت پسندوں کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر کیا جارہا ہے۔
دوسیری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا آج افتتاح ہوگا جہاں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز نئے ہوائی اڈے پر پہنچنے والا پہلا تجارتی طیارہ بن جائے گا۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آج سے آپریشن شروع کرے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے گوادر جانے والی پرواز ’پی کے 503‘ صبح لینڈ کرے گی۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب فلائٹ شیڈول کے مطابق پرواز کی روانگی صبح 9 بجکر 20 منٹ پر متوقع ہے۔
مسافروں کے علاوہ ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ افسران بھی افتتاحی پرواز میں شامل ہوں گے۔
پرواز کو لینڈنگ پر واٹر باؤزرز سے روایتی واٹر سیلوٹ ملے گا۔
نئے ایئرپورٹ پر وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف کی جانب سے مسافروں کا استقبال متوقع ہے، جہاں افتتاحی پرواز کی خوشی میں ایک مختصر تقریب منعقد کی جائے گی۔
اس تقریب میں کٹھ پتلی گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکریٹری شکیل قادر خان، سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن احسن علی منگی، ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے ڈی جی میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی نادر شفیع ڈار بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔
واضع رہے کہ نئے ایئرپورٹ کا افتتاح اکتوبر میں چینی وزیر اعظم لی چیانگ کے دورہ پاکستان کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے چینی ہم منصب نے سیکورٹی کے پیش نظرگرائونڈ کے بجائے آن لائن کیا تھاجس پر پاکستانی عسکری اسٹیبلشمنٹ کے سیکورٹی انتظامات کو لیکر بہت تنقید ہوئی تھی ۔
سیکورٹی کے انتظامات پر خدشے کے پیش نظر ایئرپورٹ کی افتتاح وزیر اعظم خود نہیں بلکہ نام نہاد وزیر دفاع خواجہ آصف کرینگے۔