چمن : ریلوے اسٹیشن پر دھماکا،3 افراد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں ایک بم دھماکے میں کم ازکم تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

چمن میں ریلوے سٹیشن روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے گزرنے کے دوران ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب امدادی ٹیمیں جائے وقع کی طرف روانہ کردئیے گئے۔ زخمیوں کو چمن سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

چمن میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ شہر میں سٹیشن روڈ پر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل پر نصب کرکے اسے سٹیشن روڈ پر کھڑا کیا گیا تھا۔

پولیس اہلکار کے مطابق دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹ گیا جب سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی وہاں سے گزررہی تھی۔

ڈپٹی کمشنر چمن حبیب الرحمان بنگلزئی کا کہنا تھا کہ دھماکے میں تین عام شہری معمولی زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چمن منتقل کیا گیا۔

ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد علی کاکڑ نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک زخمی کو طبّی امداد کی فراہمی کے بعد فارغ کردیا گیا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے سے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچنے کے علاوہ ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

چمن شہر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے شمال میں اندازاً 120کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ افغانستان سے متصل اس سرحدی شہر کی آبادی پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔

چمن شہر میں ماضی میں بھی وقتاً فوقتاً بم دھماکوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

Share This Article