شمالی کوریا کے 3 ہزار فوجی اہلکاروں کی یوکرین میں لڑنے کیلئے روس جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔
اس سلسلےت میں امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے روس میں اپنے فوجی بھیجنے کے شواہد ملے ہیں۔
امریکی وزیرِ دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنے تین ہزار فوجی روس بھیجے ہیں، جو وہاں ڈرونز کے استعمال اور دیگر سازوسامان کی تربیت کے بعد یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔
روم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ "یہ دیکھنا ہو گا کہ وہ وہاں کیا کر رہے ہیں، ٰیہ وہ معاملات ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔”
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر واقعی شمالی کوریا کے فوجی یوکرین میں لڑنے کے لیے بھیجے جاتے ہیں تو یہ بہت سنگین معاملہ ہو گا۔ اس کا اثر نہ صرف یورپ بلکہ ہند بحرالکاہل پر بھی پڑے گا۔