پاکستان تحریکِ انصاف نے ’عمران خان کی قید اور غیر آئینی ترامیم کے خلاف‘ 18 اکتوبر بروز جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جماعت کی سیاسی کمیٹی نے دستور میں ترمیم کے حکومتی منصوبے کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’آئین میں ترمیم اور عمران خان کو بدترین سلوک کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف جمعے کو ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔‘
اعلامیے کے مطابق ’کمیٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم کے ساتھ اڈیالہ میں روا رکھی جانے والی زیادتوں کی شدید مذمت کی گئی‘ عمران خان کے بنیادی حقوق کی اور ان کے اپلِ خانہ، وکلا اور تحریک کے دیگر قائدین تک رسائی کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔
سیاسی کمیٹی نے تمام ریجنل اور مقامی تنظیمات کو ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر نمازِ جمعہ کے بعد پرامن احتجاج کی ہدایت کی ہے۔