اسلام آباد: پارلیمنٹ لاجز میں اختر مینگل کے فلیٹ پر پولیس کا چھاپہ، پارٹی سینیٹر سمیت 3 افراد لاپتہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں ان کے فلیٹ پر چھاپا مارا ہے۔

انہوںنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں میرے لاجز پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ میری پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اپنے اپارٹمنٹ تک محدود ہیں، اور ان کے بیٹے کو اغوا کر لیا گیا ہے۔ دریں اثنا، میری پارٹی کے دوسرے سینیٹر قاسم رونجو، جو اسلام آباد میں صبح 8 بجے اپنے ڈائیلاسز کے لیے گئے تھے، تب سے اپنے بیٹے کے ساتھ لا پتہ ہیں۔ کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے؟!!!

https://twitter.com/sakhtarmengal/status/1846598132592746732

بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں سردار اختر مینگل کے فلیٹ پر پولیس نے چھاپا مارا، چھاپے کے وقت وہ فلیٹ پر موجود تھے۔

ساجد ترین کے مطابق اسلام آباد پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ اپارٹمنٹ میں رہنے والوں کے خلاف انٹیلی جنس رپورٹس ہیں۔

بی این پی رہنما نے پولیس کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ان کی جماعت کو ڈرایا نہیں جاسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ عدالتی پیکج کی ووٹنگ پر ان کی پارٹی کے سینیٹرز دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

Share This Article
Leave a Comment