بنگلہ دیش کے چیف جسٹس ومرکزی بینک کے گورنر بھی مستعفی ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بنگلہ دیش میں حکام کا کہنا ہے کہ ملکی چیف جسٹس اور مرکزی بینک کے گورنر اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان اعلیٰ ریاستی عہدیداران کے استعفے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہو کر ملک سے فرار ہونے کے چار روز بعد دیے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں سابقہ حکومت کے خلاف مظاہروں کی قیادت کرنے والے طلبا شیخ حسینہ کے دور میں تعینات کیے گئے اہم سرکاری عہدیداروں کی برطرفی کے خواہاں ہیں۔ سابقہ وزیر اعظم ملک سے فرار ہونے کے بعد ابھی تک نئی دہلی میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

شیخ حسینہ کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کر دینے والے طلبہ کے مظاہرے اب ان کے دور حکومت میں تعینات کیے گئے مزید سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے لیے وسعت اختیار کر رہے ہیں ۔

بنگلہ دیشی وزارت قانون کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ چیف جسٹس عبید الحسن نے طلبہ کی جانب سے سنگین نتائج‘‘ کی دھمکیوں کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس بابت عبید الحسن کا موقف جاننے کے لیے روئٹرز کا ان سے فوری طور رابطہ نہیں ہو سکا۔

دریں اثنا وزارت خزانہ کے مشیر صلاح الدین احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ بنگلہ دیش بینک کے گورنر عبدالرؤف تالقدر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے لیکن اس عہدے کی اہمیت کے پیش نظر ان کا استعفیٰ فوری طور پر قبول نہیں کیا گیا ہے۔ روئٹرز کا تالقدر سے بھی رابطہ نہیں ہو سکا۔

کچھ دن قبل 300 سے 400 بینک اہلکاروں نے بدعنوانی کا الزام لگا کر مرکزی بینک کے چار ڈپٹی گورنروں کو بھی کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا تھا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment