جی سیون ممالک کے رہنما ئوں نے روس کے منجمد اثاثوں سے یوکرین کو اس کی بقا کی جنگ میں مدد کے لیے پچاس ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔
جی سیون ممالک کے رہنما عالمی سیاسی اور اقتصادی چیلنجز پر غور کے لیے اٹلی میں موجود ہیں۔
دنیا کی سات امیر ترین جمہوریتوں کے رہنماؤں نے اٹلی میں اپنی میٹنگ کے دوران یوکرین کو پچاس ارب ڈالر بطور قرض دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ یہ رقم روس کے مرکزی بینک کے مختلف ملکوں میں منجمد اثاثوں سے ہونے والی آمدنی اور حاصل ہونے والی سود کی رقم سے ادا کی جائے گی۔
جی سیون کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس رقم سے یوکرین کو روس کے خلاف اپنی بقا کی جنگ میں مدد ملے گی۔
ایک فرانسیسی عہدیدار نے بتایا کہ اگرچہ قرض کی ترسیل کے سلسلے میں تفصیلات ابھی طے کی جا رہی ہیں، تاہم یہ رقم اس سا ل کے اواخر سے پہلے ہی کییف پہنچ جائے گی۔
زیادہ تر رقم امریکی حکومت بطور قرض فراہم کرے گی۔ یہ رقم روس کے تقریباً 300 بلین ڈالر کے غیر منقولہ منجمد اثاثوں سے ہونے والی آمدنی سے لی جائے گی۔ ایسی زیادہ تر رقوم یورپی یونین کے ملکوں میں رکھی ہوئی ہے۔
ایک دوسرے فرانسیسی اہلکار نے بتایا کہ قرض کی بیشتر رقم تو امریکی ہو گی لیکن اس میں یورپی رقم یا دیگر ملکوں کے تعاون کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔