جرمن میڈیا کا فریڈم پرائز ناوالنی اور ان کی بیوہ کو دینے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جرمن میڈیا کا امسالہ فریڈم پرائز آنجہانی روسی اپوزیشن رہنما آلیکسی ناوالنی اور ان کی بیوہ جولیا ناوالنایا کو دیا جائے گا۔ یہ انعام جمہوریت کے لیے خدمات کے اعتراف میں جرمنی میں ہر سال دیا جانے والا ایک اہم اعزاز ہے۔

جنوبی جرمن صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ سے اتوار سات اپریل کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق روس میں صدر پوٹن کے ناقد اور باہمت اپوزیشن رہنما سمجھے جانے والے آلیکسی ناوالنی اور ان کی بیوہ جولیا ناوالنایا کو یہ اعزاز اس لیے دیا جائے گا کہ انہوں نے روس میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

ناوالنایا 19 اپریل کو میونخ کے ایک نواحی شہر میں منعقد ہونے والی سالانہ تقریب میں یہ فریڈم پرائز ذاتی طور پر وصول کریں گی۔

یہ اعزاز ہر سال منعقد ہونے والی ایک ایسی تقریب میں دیا جاتا ہے، جو لُڈوِگ ایرہارڈ سمٹ‘ کہلاتی ہے۔ لُڈوِگ ایرہارڈ ایک ایسے قدامت پسند جرمن سیاستدان تھے، جو 1960 کی دہائی میں وفاقی جرمن چانسلر کے منصب پر فائز رہے تھے۔

جمہوریت کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی عوامی سطح کی کسی بھی ملکی یا غیر ملکی شخصیت کو یہ جرمن اعزاز اظہار رائے کی آزادی، مکالمت اور جمہوریت کے لیے مسلسل کوششوں کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اسی لیے عرف عام میں اس منفرد اعزاز کو جرمن ڈیموکریسی پرائز‘ بھی کہا جاتا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment