پیوٹن نے میرے شوہر کا قتل کیا، جدوجہد جاری رکھیں گے،بیوہ الیکسی نوالنی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

روس کے اپوزیشن رہنما ایلکسی نوالنی کی بیوہ یولیا نوالنایا نے روس کے صدر ولادمیر پیوٹن پر اپنے شوہر کے قتل کا الزام عائد کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پیر کو جاری کردہ ویڈیو بیان میں اپنے آنسوؤں کو روکتے ہوئے ایلکسی نوالنی کی بیوہ یولیا نوالنایا کا کہنا تھا کہ 3 دن قبل ولادیمیر پیوٹن نے الیکسی نوالنی کو قتل کردیا۔

یولیا نوالنایا کا کہنا تھا کہ الیکسی 3 سال کی اذیت اور تشدد کے بعد جیل کالونی میں وفات پاگئے ہیں۔

ولادیمیر پیوٹن کے خلاف لڑائی میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک الیکسی نوالنی کا ساتھ دینے والی ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر کے کام کو جاری رکھنے کا بھی وعدہ کیا۔

یولیا نوالنایا نے کہا کہ سب سے اہم چیز جو ہم ایلکسی نوالنی اور اپنے لیے کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہم پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ اپنی لڑائی جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جنگ کے خلاف، بدعنوانی، ناانصافی کے خلاف، منصفانہ انتخابات، اظہار رائے کی آزادی اور اپنے ملک کو واپس لینے کے لیے اپنی جدو جہد میں ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے شوہر کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی عزم کیا۔

یولیا نوالنایا کا کہنا تھا کہ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ صدر پیوٹن نے 3 دن پہلے الیکسی نوالنی کو کیوں مارا، ہم یہ معلوم کریں گے کہ یہ جرم کس نے کیا اور اسے کیسے انجام دیا گیا؟ ہم ان کے نام سامنے لائیں گے اور ان کے چہرے بے نقاب کریں گے۔

واضح رہے کریملن نے پیر کو کہا تھا کہ الیکسی ناوالنی کی موت کی تحقیقات جاری ہیں اور مغربی میڈیا کو الیکسی نوالنی کے موت کا ذمہ دار ولادیمیر پیوٹن کو ٹھہرانے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment