غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک تربیتی کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 9 افرادہلاک جبکہ 75 زخمی ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے امداد سے متعلق ایک سینئر عہدہ دار نے بتایا ہے کہ خان یونس میں اقوام متحدہ کے ایک ٹریننگ سینٹر میں جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے ،ٹینکوں سے گولہ باری میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 75 زخمی ہو گئے ۔
اسرائیلی فورسز جنوبی غزہ کی پٹی میں اس علاقے میں پیش قدمی کر رہی ہیں۔
فلسطینی عہدے داروں نے کہا ہےکہ اسرائیلی فورسز نے اپنے حملوں سے جنوبی غزہ کے مرکزی اسپتالوں کو باقی علاقے سے کاٹ دیا ہے اور ہزاروں رہائشیوں اور ان لوگوں کے انخلا کا مرکزی راستہ بند کر دیا ہے جو شہر میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
حملے سے متعلق گردش کرنے والی فوٹیج میں سیاہ دھوئیں کے بادل اس تربیتی مرکز کے اوپر آسمان پر بلند ہوتے دکھائے ہیں جسے فلسطینیوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی چلاتی ہے۔
غزہ کے امور سے متعلق ایجنسی کے ڈائریکٹر تھامس وائٹ نے بتایا کہ سینٹر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والی ادارے کی ایک ٹیم کا راستہ روک دیا گیا۔
گولہ باری کے بارے میں سوالات کے جواب میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ یہ زیادہ وسیع علاقہ حماس کے عسکریت پسندوں کا ایک اہم اڈہ تھا۔ فوج نے کہا،”مغربی خان یونس میں حماس کے فوجی فریم ورک کو تباہ کرنا اس کارروائی کے پس پشت کار فرما اصل جواز تھا۔”