سبی کے میدانوں سے چترال تک الگ قومی صوبہ ہمارا مطالبہ ہے، محمود اچکزئی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ اور پشین میں مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میں سینکڑوں افراد کی شمولیت کے موقع پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی قوموں کی مشترکہ فیڈریشن میں پشتون قوم کیلئے سبی کے میدانوں سے لیکر چترال تک پشتونخوا، پشتونستان یا افغانیہ کے نام سے اپنا الگ قومی صوبے کا مطالبہ کرتی آرہی ہے اور پشتونوں کے اس تاریخی وطن میں اللہ تعالی کی جانب سے دیئے گئے تمام قدرتی وسائل پر یہاں کے بچوں کا واک واختیار تسلیم کرانا ہی قوموں کے مشترکہ فیڈریشن کو چلانے کے قابل بنا سکتی ہے۔ کیونکہ ملک انصاف کے ساتھ چلائے جاسکتے ہیں، انصاف کے بغیر ملک تو کیا گھر بھی نہیں چلائے جاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشتونخو ا وطن کے تمام بنیادی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رہیگی، تمام نئے شامل ہونیوالوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، تمام دنیا کے انسانوں نے اپنی مشکلات سے چھٹکارا پانے کیلئے سیاسی عمل اپنا کر نجات حاصل کی ہے پشتونوں کو بھی جمہوری سیاسی جدوجہد کی راہ اپنا کر اپنے قوم کو نجات دلانی ہوگی۔

انوں نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا کے لوگوں،قوموں، مذاہب اور مختلف نسلوں کے لوگوں کے ساتھ گزارہ کرنا ہوگا، پشتون اپنے پانچ ہزار سال تاریخ میں کبھی نہ تخریب کار رہے ہیں اور نہ ہی فرقہ پرست بلکہ ان کی اپنی رسم ورواج اور ثقافت میں مہمان نوازی،انسان دوستی اور بشریت کیلئے احترام موجود اور لازم ہے۔ البتہ بدقسمتی یہ ہے کہ ان کا وطن دنیا کے ایک ایسے چار سو پر آباد ہے جہاں پر ہر طاقتور طالع آزما نے جب دوسرے اقوام کے وطنوں پر قبضے کا ارادہ کیا ہے تو پشتونوں کا وطن ان کی گزرگاہ رہی ہے اور جس طالع آزما نے بھی چڑھائی کی کوشش کی ہے۔ پشتونوں نے ان کو بدترین شکست دیکر اپنے وطن، اپنی مٹی اور اپنے ننگ وناموس کی دفاع بہادری سے کی ہے، پشتون آج بھی اپنے وطن کی نعمتوں کا دفاع ہر وقت کرتے رہینگے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment