غزہ میں امدادی صورتحال غیر واضح اور فلسطینیوں کی بڑھتی گرفتاریاں قابل تشویش ہیں، اقوام متحدہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی گرفتاریوں میں نمایاں اضافے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ یہ بڑھتی ہوئی یہ گرفتاریاں قابل تشویش ہیں۔

ہائی کمشنر نے اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی اموات اور قیدیوں پر تشدد کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔

دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے سات اکتوبر کو غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد سے مشرقی القدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 3000 سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ ریکارڈ تعداد میں فلسطینیوں کوبغیر کسی الزام یا مقدمہ کے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو ماہ کے اندر اسرائیلی جیلوں میں چھ فلسطینیوں کی موت ہوئی ہے۔ کئی دہائیوں میں اتنی مختصر مدت میں اموات کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ بہت سے لوگوں نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کو گارڈز نے مارا پیٹا اور بدسلوکی کی جس میں عصمت دری کی دھمکیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حراست میں ہونے والی تمام اموات اور تشدد اور دیگر اقسام کے ناروا سلوک کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہیے اور احتساب کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اسرائیل جیل سروس نے کہا کہ اس کے تمام قیدیوں کو قانون کی دفعات کے مطابق حراست میں لیا گیا ہے اور قیدیوں کی موت کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجیرک نے کہا ہے کہ جنگ دوبارہ شروع ہونے کے بعد غزہ کی پٹی میں امداد کی ترسیل کی صورتحال انتہائی غیر واضح ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجیرک نے جمعے کی نیوز بریفنگ میں کہا ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ اور اسرائیل میں جارحیت دوبارہ شروع ہونے کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ لڑائی میں وقفے کی بحالی کا کوئی طریقہ جلد از جلد تلاش کریں اور مزید یرغمالوں کی رہائی کو آسان بنائیں ۔

دوجیرک کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مزید کسی فوجی کارروائی کو دوبارہ شروع نہ کریں جس سے غزہ میں انسانی ہمدردی سے متعلق پہلے سے بحرانی صورتحال مزید بد تر ہو گی اور وہ عام شہریوں کو مزید مصائب سے بچائیں۔

اسٹیفن دوجیرک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment