بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں مال بردار ٹرین نے پٹڑیوں پر سوئے 16 مزدوروں کو کچل دیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں مذکورہ واقعہ پیش آیا جس میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
محکمہ ریلوے کے مطابق 20 مزوروں کا گروپ تھا جس میں سے 16 حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ 4 مزدور سکتے کی حالت میںہیں ۔
پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں سے معلومات حاصل کی جارہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مزدور مدھیہ پردیش جارہے تھے اور انہوں نے ہائی وے سے بچنے کے لیے ریلوے پٹڑی پر چلنے کا انتخاب کیا۔
موکشا پٹیل نے بتایا کہ مزدوروں کو خطرہ تھا پولیس انہیں لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے روک لے گی۔
پولیس کے مطابق مزدور مسلسل چلنے کے بعد پٹڑیوں پر ہی سوگئے تھے۔
پولیس افسر موکشا پٹیل نے بتایا کہ سوئے ہوئے مزدور جمعہ کی صبح تقریباً سوا پانچ بجے مال بردار ٹرین کی زد میں آگئے۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ مزدور اورنگ آباد کے مضافاتی قصبے جالنا میں اسٹیل کے کارخانے میں کام کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مزدروں کو بتایا گیا تھا کہ انہیں ٹرین بھسوال سے ملے گی‘۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کی حکومت نے حادثے میں ہلاک افراد کے لیے فی کس کے لیے 5 سے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
نیوز رپورٹ کے مطابق مزدور مدھیہ پردیش واپس جارہے تھے اور مسلسل پیدل چلنے کی وجہ سے تھک گئے تو پٹڑیوں پر ہی سوگئے۔
بعد ازاں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد میں ریل کے حادثے میں ہلاک افراد کی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔
نریندر مودی نے بتایا کہ وزیر ریلوے سے بات ہوئی ہے جو اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں۔