بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ سمیت 11افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ حافظ حمد اللہ کی گاڑی کے قریب ہوا جس میں وہ زخمی ہوئے۔
حافظ حمد اللہ اور دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے غوث بخش رئیسانی ہسپتا ل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا،ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ حافظ حمد اللہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے ، کوئی تشویش کی بات نہیں ۔
اسلم غوری نے کہا کہ حافظ حمداللہ کے ساتھ ان کے دو ساتھی بھی زخمی ہوئے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی نے کہا کہ دھماکے میں جے یو ف کے رہنما حافظ حمداللہ سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ، حافظ حمد اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ نے بتایا کہ تمام زخمی افراد کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ۔
سینیٹر حافظ حمداللہ منگوچر میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں دھماکا ہوا۔
سینیٹر غفور حیدری نے دھماکے کے بعد جلسہ ملتوی کر دیا۔