شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان روسی صدرسے ملاقات کیلئے بلٹ پروف ٹرین سے روس پہنچ گئے۔
روس کی سرکار ی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو لے کر آنے والی ٹرین روس پہنچ چکی ہے۔ روسی صدر پوٹن ان سے ملاقات کے دوران توپ خانے کے ہتھیار اور ٹینک شکن میزائل فراہم کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نے ایک ٹرین کی ویڈیو جاری کی ہے، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اسی ٹرین کے ذریعے روس کے انتہائی مشرقی علاقے میں پہنچنے ہیں۔
جنوبی کوریا کی فوج نے بھی کم جونگ ان کی روس پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
سیول نے ایک بیان میں کہا، "وزارت قومی دفاع سمجھتی ہے کہ شمالی کوریا کے کم جونگ ان ایک نجی ٹرین کے ذریعہ منگل کی صبح روس پہنچے ہیں۔”
کوریا سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق کم اتوار کے روز پیونگ یانگ میں اپنی ذاتی بکتر بند ٹرین میں سوار ہوئے تھے۔ حکمراں جماعت کے اعلیٰ اراکین اور فوجی بھی ان کے ساتھ ہیں۔
کریملن کی جانب سے پیر کے روز ایک مختصر بیان میں کم جونگ ان کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دورہ روسی صدر کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور کم جونگ ان کے درمیان ولادی ووستوک میں ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں پوٹن ان سے یوکرین جنگ میں استعمال کرنے کی خاطر بھاری ہتھیار اور میزائل فراہم کرنے کے لیے درخواست کر سکتے ہیں۔