پیٹرولیم کمپنی شیل کاپاکستان میں اپنے شیئرزفروخت کرنیکا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان میں اقتصادی زوال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی غیرملکی کمپنی شیل نے پاکستان میں اپنے شیئرزفروخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیل پاکستان نے بدھ کو کہا ہے کہ اس کی پیرنٹ شیل پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان سے جا ر ہی ہے اور وہ اپنے 77 فی صدشیئر فروخت کردے گی۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان سال 2022 میں شیل پاکستان کو ایکسچینج ریٹس میں اتار چڑھاؤ، روپے کی قدر میں کمی اور واجبات کی وصولی نہ ہونے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے بعد کیا گیا۔

شیل پاکستان کے ترجمان کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے شیل پاکستان میں اپنے 77 اعشاریہ 42 فی صد شیئر فروخت کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان حصص میں شیل پاکستان لمیٹڈ کے تمام کاروبار اور شیل پاکستان کی پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (پیپکو) کی 26 فی صد ملکیت بھی شامل ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حصص کی فروخت کا اثر شیل پاکستان کے موجودہ آپریشنز پر نہیں پڑے گا اور وہ جاری رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شیل اس پورے عمل میں شفافیت چاہتا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment