پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج جاری ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے پوچھتی ہیں کہ عوام کا سمندر دیکھ کر آپ کو خوشی ہوئی یا نہیں۔
ان کے بقول پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہوتی ہے اور آپ اس سے ٹکر لے کر بیٹھ گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا کام آئین و قانون کی تشریح کرنا ہے۔ اس پر عمل درآمد کرنا ہے اس کو روکنا نہیں ہے۔
مریم نواز نے الزام لگایا کہ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی عمارت کو عمران داری سے داغ دار کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے بقول ہم اس عمارت اور آئین کا احترام کرتے ہیں۔ ہم آئین بنانے والے لوگ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم یہاں احتجاج نہیں کرنا چاہتے تھے مگر پاکستان کی بہتری اور تباہی سپریم کورٹ کے فیصلوں سے ہی پھوٹتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ججز، عدلیہ اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ذمہ داری تھی کہ وہ منتخب وزیرِاعظم کے تقدس کو برقرار رکھے، جمہوریت کو مضبوط کرے اور دہشت گردوں کو کٹہرے میں لائے۔
مریم نواز نے چیف جسٹس پاکستان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمر عطا بندیال کے ہوتے ہوئے پاکستان میں صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔ الیکشن اپنے وقت پر ہوگا اور آپ کے جانے پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمر عطا بندیال استعفیٰ دیں اور گھر جائیں ورنہ یہ قوم آپ کو کٹہرے میں کھڑا کرنے والی ہے۔