بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کی موجودہ حالات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بگڑتے ہوئے اندرونی حالات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں مزید تشویش پیدا کر دی ہے، جس سے اس کے مالی استحکام اور دیوالیہ ہونے کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ سمیت اپنے تمام اداروں میں وسیع پیمانے پر کرپشن اور تقسیم کے ساتھ ملک کو تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے۔ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی نے صورتحال کی خطرناکی کو بڑھا دیا ہے۔ جوہری تجربات پہلے ہی بلوچستان پر اثر انداز ہو چکے ہیں، جس سے وہاں تابکاری اور نقصان دہ اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر نسیم بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچ دیگر محکوم اقوام کے ساتھ مل کر اس لعنت سے تن تنہا لڑ رہے ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ علاقائی اور عالمی طاقتیں اس ظلم، محکومیت اور کالونائزیشن پر قابو پانے کے لیے ہماری جدوجہد میں ہماری مدد کے لیے آگے بڑھیں۔