پاکستان میں زلزلہ، 9 افراد ہلاک ، 160 زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان میں منگل کی شب چھ اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کا مرکز افغانستان میں ہندوکش سلسلہ میں بتایا گیا ہے۔

پاکستان میں زلزلے کے باعث صوبہ خیبرپختونخوا میں اب تک کم سے کم 9 افراد ہلاک جبکہ 160 زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان کی اطلاعات تاحال صرف صوبہ خیبرپختونخوا سے موصول ہوئی ہیں جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں آفات سے نمٹنے والے ضلعی ادارے کو تاحال کسی شخص کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی۔

حکام کے مطابق اس وقت سوات کالام روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک ہو چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے عمارتوں کی چھتیں گرنے اور ان کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

TAGGED:
Share This Article
Leave a Comment