پشتونخوا میپ کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کی پانچویں تاریخی قومی کانگریس کے لئے ہزاروں مندوبین کوئٹہ پہنچ چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم کے کانگریس کے تالار میں دس ہزار مندوبین کا انتظام کیا گیا ہے لیکن مندوبین کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے جبکہ مبصرین کی تعداد بھی ایک ہزار سے زائد ہے۔
کانگریس کے منتظمین کو اندازے سے زائد مندوبین اور مبصرین کے لئے انتظامات کرنے ہونگے جبکہ کانگریس کے پہلے روز اور دوسرے روز صبح کے اوقات میں بند سیشن ہونگے جبکہ دوسرے روز دو 2 بجے کھلا سیشن یعنی جلسہ عام ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کا تاریخی قومی کانگریس پشتون افغان قومی سیاسی تحریک کی مستقبل کی کامیابی و کامرانی کا ایک حوصلہ افزاء نوید ہے۔پشتونخوا میپ عظیم قومی رہنماوں اور قومی شہدا کی تربیت یافتہ منظم اور فعال سیاسی کارکنوں کی قومی سیاسی لشکر ہے۔پارٹی کارکنوں کا یہ نمائندہ قومی کانگریس پشتونخوا میپ کے آئین کے متعین کردہ جمہوری اصولوں کے مطابق پارٹی کے رہنما اداروں کا اتفاق رائے سے انتخاب کرے گی اور اجتماعی قیادت کے اصولوں پر اپنے قومی و جمہوری اہداف کے حصول کے لئے تاریخی جدوجہد کے نئے مرحلے کا آغاز کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی پشتون افغان غیور ملت کی ملی وحدت قومی خودمختیاری،متحدہ قومی صوبہ پشتونخوا پر اپنے عوام کا قومی جمہوری اقتدار قائم کرنے، پشتون بلوچ صوبہ میں قومی برابری،ملک میں استعماری بالادستی کے خاتمے،قوموں کی برابری اور جمہور کی حکمرانی کے قیام اور آزاد افغانستان کی ملی استقلال،آزادی و سلامتی کی دفاع اور افغان عوام کی پر امن و خوشحال مستقبل کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔