مصر میں مسافربس کی نہرمیں گرنے سے 21افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

مصرمیں ایک مسافر بس سڑک کنارے واقع نہرمیں گرجانے سے 21 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز یہ حادثہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ سے قریبا 100 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع گورنری الدقہلیہ میں قصبے آجا کے نزدیک پیش آیا ہے۔بس میں 35افراد سوارتھے اوروہ بے قابو ہوکرہائی وے سے منصوریہ نہر میں جا گری۔

مصر کی وزارتِ صحت کے ایک عہدہ دار ڈاکٹر شریف مکین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔زخمی مسافروں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حادثہ بس کے اسٹیئرنگ وہیل میں خرابی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔

واضح رہے کہ مصر میں ٹریفک حادثات عام ہیں جہاں اکثر سڑکوں کی ناقص دیکھ بھال کی جاتی ہے اور ڈرائیونگ کے قوانین کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 2021 میں عرب دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک کی سڑکوں پرقریباًسات ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جولائی میں مصر کے وسطی علاقے میں ایک بس سڑک کے کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہو گئے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment