اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق اب تک تین لاکھ 68 ہزار یوکرینی اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کے نتیجے میں اب تک ڈیڑھ لاکھ شہری پولینڈ میں داخل چکے ہیں جبکہ گذشتہ تین روز کے دوران 43 ہزار شہری رومانیہ جا چکے ہیں۔
دوسری جانب یوکرینی حکومت کی محتسب لیوڈملیا ڈینیسووا کا کہنا ہے کہ روسی حملے کے نتیجے میں اب تک 210 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں جبکہ 1100 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ ’دشمن رہائشی عمارتوں، ہسپتالوں اور سکولوں کو تباہ کر رہا ہے اور یوکرینی سرزمین کے بیٹوں اور بیٹیوں، جن میں بچے بھی شامل ہیں، سے جینے کا حق چھین رہا ہے۔‘
لیوڈملیا ڈینیسووا نے عام شہریوں کی اموات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کیؤ کے ایک ہسپتال میں بمباری سے ایک بچہ ہلاک جبکہ خارکیو کی ایک رہاءئشی عمارت پر میزائل حملے میں ایک خاتون ماری گئیں۔
انھوں نے زور دیا کہ روس کو ’ان جرائم کی سخت سزا ملنی چاہیے۔‘