قومی سلامتی کمیٹی کاپاکستان بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے قومی سلامتی کمیٹی نے کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر پاکستان بھر کے تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔

پاکستان کے وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ‘قومی سلامتی کمیٹی نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تعلیمی اداروں میں نجی و سرکاری اسکولز، کالجز، جامعات اور مدارس شامل ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق 27 مارچ کو مشاورت کی جائے گی اور آگے کا فیصلہ کیا جائے گا۔’

واضح رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا پاکستان میں بھی پھیلتی جارہی ہے اور اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ کا دارالحکومت کراچی متاثر ہو رہا ہے جہاں جمعہ کو ایک اور نئے کیس کی تصدیق کردی گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 52 سالہ شخص 2 روز قبل اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا جس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے جس میں سے 14 کیسز کراچی جبکہ ایک حیدرآباد میں سامنے آیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 21 ہے جس میں کراچی کے بعد سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment