شادی کور ڈیم سے پسنی شہر کو پانی کی سپلائی 4 دن تک معطل رہے گی۔
سنگر میڈیا ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ آبپاشی پسنی کے ذرائع نے مقامی میڈیا”پسنی نیوز”کو بتایا کہ گذشتہ رات کو ہونے والی طوفانی بارشوں کی وجہ سے ”شادی کور ڈیم” کے چینل میں پانی کا دباؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے 4 دن تک پانی کی سپلائی معطل رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ رات کو ہونے والی بارش کی وجہ سے”شادی کور ڈیم“ میں پانی کافی مقدار میں آچکی ہے اور بارش کا پانی ریلے کی شکل میں اپنے ساتھ ندی نالوں میں پڑی گھاس پھوس، خشک لکڑیاں اور درختیں بھی اُکھاڑ کر اپنے ساتھ لے آتی ہے۔اور اس صورت میں اگر ہم نے پانی کی سپلائی شروع کردی تو یہ چیزیں چینل میں جاکر جمع ہوجائینگی جس سے چینل کو نقصان پہنچے گا اور اس کے سبب پانی کی سپلائی بہت دنوں تک معطل ہوسکتی ہے لہذا دائمی نقصانات سے بچنے کے لیے جزوی طور پر چار دن کے لیے چینل کو بند کردیا جارہا ہے۔
دوسری جانب محکمہ پبلک ہیلتھ پسنی کے ایس ڈی او ”فضل کریم” نے بتایا کہ اگر بجلی کی شارٹ فال نہ ہو تو ہم روزانہ کی بنیاد پر پسنی سٹی کو 7 لاکھ گیلن پانی سپلائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 19تاریخ تک چلنے کا امکان ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ لوگوں نے ابھی گزشتہ دنوں سپلائی سے جتنی بھی پانی اسٹور کی ہوئی ہے اُسے فضول ضائع مت کریں تاوقتیکہ شادی کور ڈیم سے پانی کی دوبارہ ترسیل شروع نہ ہوجائے۔