بلوچستان کے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں مسلح افراد مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں، فائرنگ سے ایک ہلاک اور 3 افرادکے زخمی کی اطلاعات ہیں۔
لیویز حکام کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے سنگسیلہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے زمینوں پر کام کرنے والے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
دو زخمیوں کی شناخت ارسلان ولد امید علی اور نصر اللہ ولد مراد علی ڈومب بگٹی کے ناموں سے کی گئی ہے ۔
زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کیا گیا جہاں پر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
دوسری جانب علاقائی ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ سنگسیلہ میں جھڑپیں بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی وپاکستانی فوج کے حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈ اور بلوچ عسکریت پسندوں کے درمیان ہورہی ہیں جس سے سرکاری حمایت یافتہ ایک اہلکار ہلاک بھی ہوا ہے ۔
تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی اس واقعہ کے حوالے سے حکومتی و عسکری ذرائع کا موقف سامنے آیا ہے اور نہ ہی کسی تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
مقامی ذرائع نے دعویٰ ہے کہ مذکورہ واقعہ اس وقت رونما ہوا جب سرفراز بگٹی و ریاستی حمایت یافتہ ڈیتھ اسکواڈکے اہلکاروں نے بے گناہ و غریب مقامی لوگوں کو تشدد کا نشانہ بناکر انہیں زخمی کیا۔ جس کے بعد قریب ہی بلوچ عسکریت پسندوں نے ریاستی حمایت یافتہ مسلح افراد کا راستہ روکا اور ان پر فائرنگکی، جس سے دونوں جانب جھڑپیں ہوئیں۔
مقامی ذرائع کے دعوے کے مطابق جھڑپ و فائرنگ میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کا ایک اہلکارہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے ۔