بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ جیری گمشدگیوں کے خلاف جاری احتجاجی کیمپ کو 5542 دن مکمل ہوگئے۔
پی ٹی ایم کے کارکنان شمس ہوتک خان اور دیگر نے کیمپ آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ۔
وی بی ایم پی کے وائس چیئر مین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچ فرزندوں کی شہادت اور قید و تشدد کی سامراجی روایات اگر چہ نئی نہیں ہیں تاہم اس بار یہ گھنائونی درندگی، حیوانیت کی تمام حدیں پار کر چکی ہیں۔ بلوچ قومی تحریک کو کچلنے کی پاکستان اور اس کے خفیہ اداروں کی مہم بلوچ نسل کش مہم بن چکی ہے اس نسل کش مہم میں درندگی اور سفاکیت کی مثالیں قائم کی جا رہی ہیں۔
انہوںنے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی قابض قوتیں نہ صرف بلوچستان کی سرزمین اور وسائل پر اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہیں بلکہ بلوچ قوم کو بھی صفحہ ہستی سے مٹا دینے یا انہیں اپنی سر زمین سے بیدخل کرنے کی خواہش مند ہیں۔ اس کے علاوہ درندہ صفت سفاکیت کا چنگیزی عمل پاکستانی بالا دست طبقے کا بلوچ قوم کے خلاف گہری نفرت اور عداوت کو بھی آشکار کرتا ہے اس سفاکیت کا بدترین مظاہرہ سیاسی کارکنوں طلبا نو جوانوں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں سمیت مختلف شعبہ ہے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر عمر کے بلوچ فرزندوں کی اغوا نما گرفتاریوں ، جبری گمشدگیوں کے بعد اُن کی تشدد زدہ مسخ شدہ لاشوں کی ویرانوں سے برآمدگی کے انسانیت سوز المیوں کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ گذشتہ مہینوں میں ہزاروں بلوچوں کی جبری گمشدگی اور ماوراے قانون عدالت گرفتارکیا گیا اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
ماماقدیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کی یہ سفاکیت کئی سوال پیدا کر رہی ہے۔ بعض حلقے حیران ہیں کہ وہ کون سی ایسی وجو ہات ہیں کہ پاکستانی حکمران طبقہ بلوچوں کو اذیت ناک طریقے سے مٹانے کے درپے ہے۔