بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ جبری لاپتہ افراد اور شہداء کا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے جسے 4646 دن ہوگئے ہیں۔
بلوچ وطن پارٹی کے آرگنائزر حیدر رئیسانی، سردار آصف مری، محمد اکرم اور دیگر نے کیمپ آکر لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کی۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ پورے بلوچستان اور خاص کر مکران بیلٹ میں غیر آئینی جبری گمشدگیوں اور فوجی آپریشن کا سلسلہ حالیہ وقت میں بہت بڑھ گیا ہے، جس میں بلوچ خواتین کو بھی جبری گمشدگیوں کا شکار بنایا جا رہا ہے، ہوشاپ سے دہشت گرد سی ڈی ٹی فورس کے ہاتھوں غیر قانونی حراست میں لیے جانے والی بلوچ خاتون نورجان کو تاحال بازیاب نہیں کیا گیا نا اسکے فیملی کو ملنے دیا گیا ہے، اسکی گرفتاری فضل ولد محمد علی نامی جس شخص کے ساتھ کیا گیا ہے اسکو عینی شاہدین کے سامنے کولواہ کے علاقے بیدرنگ سے لاپتہ کیا گیا تھا، اب ان دونوں کی گرفتاری ایک ساتھ ظاہر کرکے جھوٹ پہ جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ یہ کسی حملے میں جا رہے تھے، بھلا کوئی بیوقوف ہوگا جو رات کو گھر میں سوتے ہوئے خود کش جیکٹ پہنے، ریاستی جھوٹ انکی شکست ثابت کر رہے ہیں کہ وہ شہریوں کو انصاف دلانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہم عالمی امن قائم کرنے والے اداروں سے پھر اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان جنگی جرائم کا از خود نوٹس لیں اور عام لوگوں کو انصاف دلانے میں مدد کریں۔