بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچ جبری لاپتہ افراد اور شہداء کے بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے جسے 4665 دن مکمل ہو گئے ہیں۔
مستونگ سے محمد اعظم، خان محمد بلوچ اور دیگر نے لاپتہ افراد کے احتجاجی کیمپ میں شرکت کر کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کی۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی جبر اب حد سے بڑھ چکا ہے، جبری گمشدگیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے، ریاستی جبر کا خوف اب عوام دلوں سے نکل چکا ہے، جس کی تازہ مثال ہم نے کل پنجگور میں دیکھا کہ کس طرح عام بلوچ عوام نے جبری گمشدگی کے خلاف منظم اور متحد ہو کر آخری دم تک مزاحمت کی اور کامیابی حاصل کی، تو اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر تمام بلوچ اس ظلم کے خلاف یک آواز ہو کر نکلیں تو ظلم کو روکا جا سکتا ہے، عوام کی طاقت کے سامنے کسی کا بس نہیں چلتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ ریاست کے تمام حربوں کو بھانپ لیں اور کسی جھانسے میں نا آئیں، ریاست بلوچ قوم کی پر امن جدوجہد کو ہر طرح سے کاؤنٹر کرنا چاہتی ہے اور اپنے جھوٹے بیانیے کو لوگوں پہ مسلط کرنا چاہتی ہے، بلوچ قوم کو علمی اور عملی حوالے سے اس تحریک کا حصہ بننا ہوگا، تب جا کے اس تاریک رات کا خاتمہ ہوگا اور غلامی کی زندگی سے نجات ملے گا۔