یومِ شہدائے بلوچ (13 نومبر) کی مناسبت سے اپنے ایک تفصیلی ویڈیو پیغام میں نامور پشتون قوم پرست رہنما، دانشور اور انسانی حقوق کے کارکن ڈاکٹر سید عالم محسود نے بلوچ قومی تحریک اور اس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلوچ قومی تحریک پر فخر اور رشک کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ خدا ہمیں بھی ان جیسا بنائے۔
ڈاکٹر سید عالم محسود نے کہا کہ بلوچ قوم کے شہداء کی تاریخ انگریز دور سے شروع ہوئی اور پاکستان بننے کے بعد اس میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے بلوچ شہداء کی تاریخ کے دو بنیادی رُخ اجاگر کیے:
انہوں نے کہا کہ بلوچ تحریک میں رہنماؤں کی قربانیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ نواب نوروز بلوچ اور ان کا پورا خاندان، سردار خیر بخش مری کی طویل جیلیں، جلاوطنی اور ان کی اولاد کی قربانیاں، سابق وزیر اعلیٰ سردار عطا اللہ خان مینگل کی صعوبتیں، ان کے فرزند اسد مینگل کا بطورِ پہلا ‘مسنگ پرسن’ اغوا اور ایسی المناک شہادت کہ آج تک معلوم نہیں کہ ان کی تدفین کہاں ہوئی، سردار اختر مینگل پر ہونے والے متعدد قاتلانہ حملے اور نواب اکبر بگٹی کی عظیم شہادت اس کی روشن مثالیں ہیں۔ جب رہنما اس پائے کی قربانیاں پیش کرتے ہیں تو قومیں انہیں اپنا آئیڈیل بناتی ہیں، اور بلوچ قوم نے بھی یہی کیا۔
پچھلے دو سے ڈھائی دہائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے بلوچ نوجوانوں کو یونیورسٹیوں اور نوکری کے مقامات سے اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، اور ان کی مسخ شدہ لاشیں سڑکوں، بازاروں، کھیتوں اور کھلیانوں میں پھینکی جا رہی ہیں۔
ریاستی رویے اور پراپیگنڈے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر سید عالم محسود کا کہنا تھا کہ یہ کھلم کھلا ریاستی دہشت گردی اور بربریت ہے، اور اس جبر کے خلاف ردِعمل کا آنا ایک فطری اور زمینی عمل ہے۔ لیکن جب اس کے جواب میں نسل پرست ریاست اور اس کا دہشتگردمیڈیا چیختا چلاتا ہے کہ بلوچ آزادی پسند، ملک دشمن یا دہشت گرد ہیں، تو اس پر دو ٹوک مؤقف یہی ہے کہ:
"تم نے ہر کھیت میں انسان کے سر بوئے ہیں، تم نے ہر کھیت میں بلوچ کے سر بوئے ہیں، اب زمین خون نگلتی ہے تو شکوہ کیسا؟”