بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے چار سال جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے سلمان بلوچ کی ہمشیرہ سعدیہ بلوچ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے حکام سے اپنے بھائی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ بلوچ قوم، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر چلائی جانے والی آگاہی مہم میں بھرپور شرکت کریں۔
سعدیہ بلوچ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ان کے بھائی سلمان بلوچ کو 13 نومبر 2022ء کو کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جسے اب چار برس مکمل ہو چکے ہیں، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اہلِ خانہ کو ان کے مقامِ موجودگی یا سلامتی کے حوالے سے کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بہن کے لیے اپنے بھائی کی جدائی اور اس کی زندگی کے بارے میں مسلسل بے خبری کی اذیت کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران خاندان نے ہر دروازے پر دستک دی، ہر فورم پر آواز اٹھائی اور اپنے پیارے کی واپسی کے لیے مسلسل جدوجہد کی، لیکن ان کے انتظار کی گھڑیاں ختم نہیں ہو سکیں۔
سعدیہ بلوچ نے تمام باشعور انسانوں، انسانی حقوق کے اداروں، صحافیوں، سیاسی و سماجی حلقوں اور بلوچ قوم سے اپیل کی کہ وہ سلمان بلوچ کی جبری گمشدگی کے چار سال مکمل ہونے پر 14 نومبر کی شب 8 بجے سے 12 بجے تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر خاندان کی جانب سے منعقد کی جانے والی مہم میں شریک ہو کر ان کی آواز بنیں اور سلمان بلوچ کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ اجاگر کریں۔