بلوچستان میں آزادی پسند مسلح قوتوں کے اثر و رسوخ، سیکیورٹی فورسز کے خلاف مؤثر کارروائیوں میں اضافہ اور حکومتی رٹ مفلوج ہونے کے بعد عسکری حکام کی ایما پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں پولیس افسران کی کمی پوری کرنے کے نام پر گریڈ 18 کے 16 پولیس افسران کی خدمات بلوچستان حکومت کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیاسی و عسکری حلقوں میں یہ تاثر پایا جا رہا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد مسلح حملوں کی زد میں آنے والی فوج کو بچا کر پولیس کو فرنٹ لائن پر لانا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں تعینات 16 پولیس افسران کو بلوچستان بھجوایا جائے گا تاکہ بلوچستان میں پولیس افسران کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے تحت تمام افسران بلوچستان حکومت کے ماتحت 365 روز کی فعال سروس مکمل کریں گے، جبکہ چھٹی، تربیت اور ڈیپوٹیشن پر گزارا گیا وقت اس مدت میں شمار نہیں ہو گا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ صوبائی حکومتوں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ افسران کو فوری طور پر موجودہ ذمہ داریوں سے فارغ کر کے بلوچستان بھیجا جائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں تعینات سیکیورٹی فورسز اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ متعدد اہلکار فرائض کی انجام دہی سے گریز، طویل رخصت یا صوبے سے اپنے تبادلے کے خواہاں ہیں، جبکہ فورسز کے اندر خودکشی کے کئی واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب، مسلح حملوں میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں انتہائی رازداری کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کی جاتی ہیں، جہاں لواحقین کو سخت دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ وہ اس سانحے پر مکمل خاموشی اختیار کریں اور کسی بھی میڈیا کو یہ نہ بتائیں کہ ان کا پیارا بلوچستان میں کس طرح ہلاک ہوا۔
مجموعی صورتحال کے باعث فوج کے اندر خوف اور بے یقینی کا گہرا ماحول پایا جاتا ہے، جس نے اہلکاروں کی ذہنی و نفسیاتی کوفت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔