بلوچ نیشنل موومنٹ (BNM) کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کے والد اور چچا سمیت پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے 5 افراد طویل حراست کے بعد بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے 13 نومبر 2026 کو جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق بازیاب ہونے والے افراد کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
محمد بخش ساجدی ولد محمد ابراہیم ،نعیم ساجدی ولد محمد ابراہیم اور رفیق بلوچ ولد دل مراد (ساکنان گجر مشکے، ضلع آواران — جو بی این ایم چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کے والد اور چچا ہیں) تینوں کو 2 فروری 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں تقریباً نو ماہ کی غیر قانونی حراست کے بعد 12 نومبر 2026 کو حب چوکی کے مقام پر رہا کر دیا گیا۔
ڈاکٹر عبدالملک ولد حاجی نور احمد (ساکن خاران) کو 2 اکتوبر 2026 کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جنہیں 12 نومبر 2026 کو خاران میں رہا کر دیا گیا۔
تنویر بلوچ ولد خان محمد (ساکن فرید کالونی، کلی اسماعیل کوئٹہ) کو 27 جولائی 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جو 5 نومبر 2026 کو جبلِ نور کوئٹہ سے بازیاب ہو گئے۔
بلوچ قوم پرست اور انسانی حقوق کے حلقوں کے مطابق، بی این ایم چیئرمین ڈاکٹر نسیم بلوچ کے والد، دونوں چچا کی جبری گمشدگی کا مقصد ڈاکٹر نسیم بلوچ کو دباؤ میں لانا اور انہیں بلوچ قومی آزادی کی تحریک کے مقصد سے پیچھے ہٹانا تھا، تاہم یہ حربہ کارگر ثابت نہیں ہو سکا۔
واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ بلوچستان میں شہریوں کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے جبری طور پر لاپتہ کرنا اور خفیہ عقوبت خانوں میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق اور ملکی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔