زرمبش پبلی کیشنز کی جانب سے بلوچی زبان کے معروف لکھاری خلیل بلوچ کی تصنیف ”ڈیھ ءِ مریدیں میرل“ شائع ہوگئی ہے۔
زیرِ نظر کتاب خلیل بلوچ کی تحریر کردہ دوسری کتاب ہے جو شہید نثار صبا عرف میرل پر لکھی گئی ہے، اور یہ شہید نثار صبا اور مصنف خلیل بلوچ کی قومی تحریکِ آزادی کی جدوجہد کی سرگزشت ہے۔
خلیل بلوچ کی اس سے قبل شائع ہونے والی کتاب "راسکو ءِ شہزادہ” ہے جو زرمبش پبلی کیشنز کی جانب سے شائع ہوئی تھی۔ خلیل بلوچ کی یہ دونوں کتابیں بلوچی زبان کے شاعر و ادیب اور زرمبش سے وابستہ صحافی سرباز وفا نے ترتیب دی ہیں۔
زیرِ نظر کتاب میں مصنف نے میرل کی زندگی کے مختلف مراحل، ان کے فکری رجحانات، نظریاتی پختگی، سیاسی وابستگی اور جدوجہد کے دوران پیش آنے والے حالات و واقعات کو قلم بند کرتے ہوئے ان کے کردار کا بھرپور احاطہ کیا ہے۔
اس تصنیف کی اہمیت اس حوالے سے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ ایک ایسی شخصیت کی زندگی اور جدوجہد کو محفوظ کرتی ہے جس کے کردار اور افکار کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ضروری ہے۔
کسی بھی تحریک کی تاریخ صرف بڑے واقعات اور اہم موڑوں سے تشکیل نہیں پاتی بلکہ اس کے پیچھے انفرادی کرداروں، ان کی فکری تربیت، نظریاتی وابستگی، قربانیوں اور مستقل مزاجی کی ایک طویل داستان بھی موجود ہوتی ہے۔ ایسے کرداروں کی زندگیوں کو تحریری صورت میں محفوظ کرنا دراصل تاریخ کے ان گوشوں کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرنے کے مترادف ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ نظروں سے اوجھل ہوسکتے ہیں۔
یقیناً ”ڈیھ ء مریدیں میرل“ تحریکِ آزادی سے وابستہ افراد، بالخصوص نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کے لیے مطالعے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔ اس کتاب میں بیان کردہ کردار، فکری پختگی، نظریاتی وابستگی اور جدوجہد کے تجربات سے نہ صرف تحریک سے وابستہ افراد کو رہنمائی ملے گی بلکہ انہیں اپنے عہد، ذمہ داریوں اور اجتماعی جدوجہد کے تقاضوں کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
خلیل بلوچ کی یہ کاوش اس اعتبار سے بھی قابلِ تحسین ہے کہ انہوں نے ایک اہم کردار کی زندگی اور جدوجہد کو کتابی صورت میں محفوظ کرکے بلوچ قومی تاریخ و ادب میں ایک قابلِ قدر اضافہ کیا ہے۔ ایسی تصانیف محض شخصیات کا تعارف نہیں ہوتیں بلکہ یہ ایک عہد کی سیاسی، فکری اور سماجی تاریخ کو سمجھنے کا وسیلہ بھی بنتی ہیں۔
خلیل بلوچ کی کتاب "ڈیھ ءِ مریدیں میرل” عنقریب بلوچستان بھر کے بک اسٹالوں پر دستیاب ہوگی۔