موسیٰ خیل میں تعمیراتی سائٹ پر مسلح افراد کا حملہ: مشینری نذرِ آتش، 4 افراد اغوا

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے درگ میں مسلح افراد نے ایک تعمیراتی سائٹ پر حملہ کر کے بھاری مشینری کو آگ لگا دی اور وہاں کام کرنے والے چارافراد کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے درگ کے مقام پر جاری تعمیراتی منصوبے پر اچانک حملہ کیا۔ حملے کے دوران مسلح افراد نے سائٹ پر موجود بلڈوزرز، ٹریکٹرز اور دیگر قیمتی مشینری و گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، جس سے تمام تر سامان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا۔

مشینری کو تباہ کرنے کے بعد مسلح افراد وہاں پر قائم کیمپ میں موجود چار افراد کو اپنے ساتھ اغوا کر کے لے گئے۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک نہ تو مشینری کے نقصان کا حتمی تخمینہ سامنے آ سکا ہے اور نہ ہی اغوا کیے گئے افراد کے بارے میں کوئی سراغ ملا ہے۔

واقعے کی ذمہ داری کے حوالے سے تاحال کسی فریق یا تنظیم کی جانب سے باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Share This Article