ٹریفک پولیس ہلاکت کیس:مجید اچکزئی کو 10 سال قید کی سزا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں ہائیکورٹ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی مجید اچکزئی کی ٹریفک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے مقدمے میں بریت کے خلاف اپیل کو منظور کرتے ہوئے انھیں دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

مجید اچکزئی کی گاڑی کی ٹکر سے کوئٹہ شہر میں ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر عطااللہ کی ہلاکت کا واقعہ جون 2017 کو جی پی او چوک پر پیش آیا تھا۔

ہلاک ہونے والے ٹریفک پولیس انسپکٹر ایک طرف کی ٹریفک کو گزارنے کے لیے شاہراہ کے درمیان کھڑے تھے کہ زرغون روڈ پر اسمبلی کی جانب سے آتی ہوئی مجید اچکزئی کی گاڑی نے انھیں کچل دیا تھا۔

ان کی ہلاکت کے مقدمے میں مجید اچکزئی کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔

ایڈیشنل سیشن جج فور کوئٹہ نے 4 ستمبر 2020 کو مجید خان اچکزئی کو مقدمے سے بری کیا تھا۔

ان کی بریت کے خلاف استغاثہ کی جانب سے بلوچستان ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

ہائیکورٹ کے جسٹس عامر رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے اس اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اسے منظور کرلیا ہے۔

ہائیکورٹ نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مجید خان اچکزئی کو تعزیرات پاکستان کے دفعہ 320 کے تحت دس سال قید بامشقت سزا سنائی ہے۔

عدالت نے مجید خان اچکزئی کو مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ہائیکورٹ نے مجید خان اچکزئی کی ضمانت کو منسوخ کرتے ہوئے ان کو گرفتار کرنے اور سزا کاٹنے کے لیے جیل منتقل کرنے کا حکم بھی صادر کیا ہے۔

Share This Article