امریکا ایران پر دوبارہ حملے کی تیاری کر رہا ہے،خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران کے اعلیٰ ترین عسکری ادارے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ خطے کے کچھ ممالک کی حمایت سے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ایک بیان میں خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسے ایسی معلومات ملی ہیں کہ امریکہ، خطے کے کچھ ممالک کی حمایت سے، ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’موصولہ معلومات کی بنیاد پر، امریکہ نے خطے کے کچھ ممالک کی رضامندی (گرین سگنل) کے ساتھ، ایک یورپی ملک میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں ایران کے خلاف دوبارہ کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر نے اجلاس میں شریک فریقین یا میزبان یورپی ملک کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ایران کے اس اعلیٰ ترین عسکری ادارے نے خطے کے ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ امریکی حملے میں ’شامل‘ ہوتے ہیں یا اس کا ساتھ دیتے ہیں، تو ’انھیں اس مذموم عمل میں شریک سمجھا جائے گا اور وہ ایران کی طاقتور مسلح افواج کی جانب سے تحمل یا نرم رویے کی توقع نہیں رکھ سکیں گے۔‘

خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈ کوارٹر نے امریکہ کو بھی خبردار کیا کہ حملے کی صورت میں، ’خطے میں اس ملک کے تمام فوجی مراکز اور مفادات کو بغیر کسی پابندی یا لحاظ کے مسلسل، مؤثر اور شدید (تکلیف دہ) حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔‘

ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اشارہ چند روز قبل جرمنی میں امریکہ، اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان ایک خفیہ اجلاس کی طرف تھا۔

تسنیم نے دعویٰ کیا کہ اس اجلاس میں امریکہ، اسرائیل اور کئی عرب ممالک کے فوجی کمانڈرز شریک تھے۔

یہ خبر پہلی مرتبہ 15 ستمبر کو امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے دی تھی، جس میں کہا گیا تھا یہ اجلاس ایک ہفتہ قبل ہوا۔

ایگزیوس نے دو اسرائیل عہدے داروں کے حوالے سے بتایا تھا کہ امریکہ، اسرائیل اور کئی عرب ممالک کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں نے جرمنی میں ملاقات کی، جہاں ایران کے ساتھ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، امریکہ کے علاوہ اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر، اردن اور مصر کے اعلیٰ فوجی کمانڈر بھی اجلاس میں موجود تھے، جن میں سینٹکام کے کمانڈر بریڈ کوپر اور اسرائیلی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف شامل تھے۔

عرب ممالک نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم سینٹکام نے ایک بیان میں اجلاس کی تصدیق کی۔

ایگزیوس کے مطابق یہ اجلاس سینٹکام کے کمانڈر بریڈ کوپر کے کہنے پر ہوا جس میں اُنھوں نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ خطے سے اپنی افواج واپس نہیں بلائے گا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article