وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ جاری، جبری لاپتہ قادر بخش کے لواحقین کا رابطہ، فوری بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6359ویں روز بھی جاری رہا۔

اس دوران جبری لاپتہ قادر بخش ولد محمد رمضان کے لواحقین نے وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ سے رابطہ کرکے بتایا کہ قادر بخش کو 6 ستمبر کو باغبانہ سے خضدار جاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

لواحقین کے مطابق انہوں نے قادر بخش کی باحفاظت بازیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ خضدار سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم نہ ان کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ قادر بخش کی جبری گمشدگی کا معاملہ لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن، حکومت اور متعلقہ اعلیٰ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا اور ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قادر بخش سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، یا اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article