یونیورسٹی آف تربت کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے اساتذہ کے جائز اور قانونی مطالبات کے حق میں اعلان کردہ مرحلہ وار پُرامن احتجاجی تحریک کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احتجاجی پروگرام کے تحت اساتذہ نے صبح ساڑھے ۱۱ بجے کی بورڈ چوک پر جمع ہوکر انتظامی بلاک تک پُرامن واک کی، جس کے بعد انتظامی بلاک کے سامنے ایک گھنٹے تک دھرنا دیا گیا۔
احتجاج کے دوران اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور کہا کہ مطالبات کے منصفانہ، شفاف اور عملی حل تک پُرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے مطابق احتجاج کسی فرد، شخصیت یا ادارے کے خلاف نہیں بلکہ اساتذہ کے جائز حقوق، اکیڈمک وقار، ادارہ جاتی شفافیت اور یونیورسٹی کے بہتر مستقبل کے لیے کیا جارہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ مطالبات کے حصول کے لیے تمام آئینی، قانونی اور پُرامن ذرائع اختیار کیے جائیں گے۔
مقررین نے کہا کہ اساتذہ کسی غیر معمولی یا ناجائز مطالبے کے خواہاں نہیں بلکہ ان کے مطالبات قانون، قواعد و ضوابط اور اکیڈمک کمیونٹی کے جائز حقوق سے متعلق ہیں۔ ان کے مطابق مطالبات پر بروقت اور عملی پیش رفت نہ ہونے سے اساتذہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔
ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی انتظامیہ اور متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی سنجیدگی کا ادراک کرتے ہوئے اساتذہ کے مطالبات پر فوری، سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کریں اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اگر مطالبات پر مؤثر پیش رفت نہ ہوئی تو اعلان کردہ مرحلہ وار احتجاجی پروگرام کے آئندہ مراحل بھی طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رکھے جائیں گے۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کی کونسل نے احتجاج میں شریک تمام فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی شرکت سے ان کے بقول یہ واضح ہوا ہے کہ ایسوسی ایشن اپنے مطالبات کے لیے متحد، منظم اور پُرعزم ہے۔
کونسل نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ احتجاج کے تمام مراحل کے دوران پُرامن، باوقار اور نظم و ضبط پر مبنی طرز عمل برقرار رکھا جائے گا۔